45. کتاب شرابوں کی بیان میں

【1】

خمر کی حد کا بیان

سائب بن یزید سے روایت ہے کہ حضرت عمر بن خطاب نکلے اور کہا میں نے فلانے کے منہ سے شراب کی بو پائی وہ کہتا ہے میں طلا (انگور کے شیرے کو اتنا پکایا جائے کہ وہ گاڑھا ہوجائے مثلا دو ثلث جل جائے ایک ثلث رہ جائے) پی اور میں پوچھتا ہوں کہ اگر اس میں نشہ ہے تو اس کو حد ماروں گا حضرت عمر نے اس کو پوری حد لگائی۔

【2】

خمر کی حد کا بیان

ثور بن زید سے روایت ہے کہ حضرت عمر نے صحابہ سے مشورہ لیا خمر کی حد میں (کیونکہ حضور ﷺ نے کوئی حد معین نہیں کی تھی) حضرت علی نے فرمایا میرے نزدیک اسی کوڑے لگانے مناسب ہیں کیونکہ آدمی جب شراب پیے گا مست ہوجائے گا اور جب مست ہوجائے گا واہیات بکے گا اور جب واہیات بکے گا تو کسی کو گالی بھی دے گا ایسا ہی کیا حضرت عمر (رض) نے اسی کوڑے مقرر کئے خمر میں۔

【3】

خمر کی حد کا بیان

ابن شہاب سے پوچھا گیا غلام اگر شراب پیے تو اس کی کیا حد ہے انہوں نے کہا مجھے یہ پہنچا کہ غلام پر آزاد کی نصف حد ہے اور حضرت عمر (رض) اور عثمان اور عبداللہ بن عمر (رض) نے اپنے غلاموں کو آزاد کے نصف حد لگائی۔

【4】

خمر کی حد کا بیان

سعید بن مسیب (رض) کہتے تھے کہ کوئی گناہ نہیں مگر اللہ چاہتا ہے کہ معاف کردیا جائے سوائے حد کے۔ کہا مالک نے ہمارے نزدیک یہ حکم ہے کہ جو کوئی ایسی شراب پئے جس میں نشہ ہو تو اس کو حد پڑے گی خواہ اس کو نشہ ہوا ہو یا نہ ہوا ہو۔

【5】

جن دو چیزوں کو ملا کر نیبذ نہ بنانی چاہئے۔

عبداللہ بن عمر (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے کسی غزوے میں خطبہ پڑھا میں بھی آپ ﷺ کی طرف چلا سننے کے واسطے لیکن میرے پہنچنے سے پہلے آپ ﷺ فارغ ہوگئے میں نے لوگوں سے پوچھا کہ آپ ﷺ نے کیا فرمایا لوگوں نے کہا منع کیا آپ ﷺ نے نبیذ بھگونے سے توبنے اور مرتبان میں۔

【6】

جن دو چیزوں کو ملا کر نیبذ نہ بنانی چاہئے۔

ابوہریرہ (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے منع کیا میوہ تر کرنے سے توبنے اور مرتبان میں۔

【7】

جن دو چیزوں کو ملا کر نیبذ نہ بنانی چاہئے۔

عطا بن یسار (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے منع فرمایا کہ گدر کھجور اور پکی کھجور ملا کر بھگوئی جائیں یا کھجور اور انگور ملا کر بھگوئے جائیں۔ ابو قتادہ انصاری (رض) سے روایت ہے کہ منع کیا رسول اللہ ﷺ نے کھجور اور انگور کے ملا کر نیبذ پینے سے اور گدر اور پختہ کھجور کو ملا کر نبیذ پینے سے۔ کہا مالک نے اس امر پر اتفاق کیا ہے ہمارے شہر کے علماء نے کہ یہ مکروہ ہے کیونکہ منع کیا رسول اللہ ﷺ نے اس سے۔

【8】

خمر کی حرمت کا بیان

حضرت ام المومنین عائشہ (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے کسی نے پوچھا بتع ( شہد کی شراب) کا حکم آپ ﷺ نے فرمایا جو شراب نشہ کرے وہ حرام ہے۔

【9】

خمر کی حرمت کا بیان

عطاء بن یسار سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ سے سوال ہوا جوار کی شراب کے بارے میں آپ ﷺ نے فرمایا بہتر نہیں ہے اور منع کیا اس سے۔

【10】

خمر کی حرمت کا بیان

عبداللہ بن عمر (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص دنیا میں شراب پئے گا پھر اس سے توبہ نہ کرے گا تو آخرت میں شراب سے محروم رہے گا۔

【11】

شراب کی حرمت کے مختلف مسائل

ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے واسطے ایک مشک شراب کی تحفہ لایا آپ ﷺ نے فرمایا کیا تو نہیں جانتا کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو حرام کیا ہے وہ بولا مجھے خبر نہیں، ایک شخص نے چپکے سے اس کے کان میں کچھ کہا آپ ﷺ نے پوچھا تو نے کیا کہا ؟ وہ بولا میں نے بیچ ڈالنے کو کہا، آپ ﷺ نے فرمایا جس نے اس کا پینا حرام کیا اس نے اس کا بیچنا بھی حرام کیا یہ سن کر اس شخص نے مشک کا منہ کھول دیا سب شراب بہہ گئی۔

【12】

شراب کی حرمت کے مختلف مسائل

انس بن مالک سے روایت ہے کہ میں ابوعیبد بن جراح اور ابی بن کعب کو شراب پلایا کرتا تھا کھجور اور خشک کھجور کی اتنے میں ایک شخص آیا اور بولا شراب حرام ہوگئی، ابوطلحہ نے کہا اے انس اٹھو گھڑے پھوڑ دو میں اٹھا اور موسل سے مار کر سب گھڑوں کو پھوڑ دیا۔

【13】

شراب کی حرمت کے مختلف مسائل

حضرت عمر بن خطاب (رض) جب شام کی طرف آئے تو لوگوں نے وبا اور آب و ہوا کے بھاری ہونے کا بیان کیا اور کہا بغیر اس شراب کے ہمارا مزاج اچھا نہیں رہتا آپ نے کہا شہد پیو انہوں نے کہا شہد موافق نہیں ایک شخص بولا ہم اسی کو اس طرح تیار کریں جس میں نشہ نہ ہو آپ نے کہا ہاں، انہوں نے اس کو پکایا اتنا کہ ایک تہائی رہ گیا دو تہائی جل گیا اس کو حضرت عمر (رض) کے پاس لائے انہوں نے انگلی ڈالی جب وہ چَپ چَپ کرنے لگا آپ نے فرمایا یہ طلا تو اونٹ کے طلا کے مشابہ ہے حضرت عمر (رض) نے اس کے پینے کی اجازت دی عبادہ بن صامت نے کہا آپ نے حلال کردیا حضرت عمر (رض) نے کہا نہیں قسم اللہ کی یا اللہ میں نے کبھی اس چیز کو حلال نہیں کیا جس کو تو نے حرام کیا اور نہ حرام کیا جس کو تو نے حلال کیا۔

【14】

شراب کی حرمت کے مختلف مسائل

عبداللہ بن عمر (رض) سے روایت ہے کہ ان سے عراق کے لوگوں نے کہا ہم کھجور اور انگور کے پھل خریدتے ہیں پھر اس کی شراب بنا کر بیچتے ہیں عبداللہ بن عمر (رض) نے کہا میں گواہ کرتا ہوں اللہ کو اور فرشتوں کو اور جو سنتے ہیں جن اور آدمی کہ میں اجازت نہیں دیتا تم کو بیچنے کی نہ خریدنے کی نہ نچوڑنے کی نہ پینے کی نہ پلانے کی کیونکہ شراب پلید ہے شیطان کا کام ہے۔