1049. حضرت ام مبشرزوجہ زید بن حارثہ کی حدیثیں

【1】

حضرت ام مبشرزوجہ زید بن حارثہ کی حدیثیں

حضرت ام مبشر سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے حضرت حفصہ کے گھر میں ارشاد فرمایا : مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ غزوہ بدر اور حدیبیہ میں شریک ہونیوالا کوئی آدمی جہنم میں داخل نہ ہوگا میں نے عرض کیا کہ کیا اللہ تعالیٰ نہیں فرماتا کہ تم میں سے ہر شخص اس میں وارد ہوگا تو نبی ﷺ نے فرمایا : پھر ہم متقی لوگوں کو نجات دیدیں گے اور ظالموں کو اس میں گھٹنوں کے بل پڑا رہنے کے لئے چھوڑ دیں گے۔

【2】

حضرت ام مبشرزوجہ زید بن حارثہ کی حدیثیں

حضرت ام مبشر سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص کوئی پودا لگائے، یا کوئی فصل اگائے اور اس سے انسان پرندے درندے یا چوپائے کھائیں تو وہ اس کے لئے باعث صدقہ ہے۔

【3】

حضرت ام مبشرزوجہ زید بن حارثہ کی حدیثیں

حضرت ام مبشر سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں بنو نجار کے کسی باغ میں تھی کہ نبی ﷺ میرے پاس تشریف لے آئے، اس باغ میں زمانہ جاہلیت میں مرجانے والے کچھ لوگوں کی قبریں بھی تھیں، نبی ﷺ کو انہیں عذاب دیئے جانے کی آواز سنائی دی، نبی ﷺ یہ کہتے ہوئے اس باغ سے باہر آگئے کہ عذاب قبر سے اللہ کی پناہ مانگو میں نے عرض کیا یا رسول اللہ کیا انہیں قبروں میں عذاب ہو رہا ہے ؟ نبی ﷺ نے فرمایا ہاں ! اور جانور بھی اس عذاب کو سنتے ہیں۔

【4】

حضرت ام مبشرزوجہ زید بن حارثہ کی حدیثیں

حضرت ام مبشر سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ حضرت حاطب کا غلام آیا اور کہنے لگا واللہ حاطب جنت میں داخل نہ ہو سکیں گے، نبی ﷺ نے فرمایا تم غلط کہتے ہو، وہ غزوہ بدر اور حدیبیہ میں شریک ہوچکے ہیں۔