1056. حضرت میمونہ بنت کردم کی حدیثیں

【1】

حضرت میمونہ بنت کردم کی حدیثیں

حضرت میمونہ بنت کردم سے مروی ہے کہ میں نے نبی ﷺ کی زیارت مکہ مکرمہ میں کی ہے، اس وقت نبی ﷺ اپنی اونٹنی پر سوار تھے اور میں اپنے والد صاحب کے ساتھ تھی، نبی ﷺ کے ہاتھ میں اسی طرح کا ایک درہ تھا جیسا معلمین کے پاس ہوتا ہے میں نے دیہاتیوں اور عام لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ طبطبیہ آئی ہے، میرے والد صاحب نبی ﷺ کے قریب ہوئے اور ان کے پاؤں پکڑ لئے، نبی ﷺ نے انہیں اٹھالیا وہ کہتی ہیں کہ میں بہت سی باتیں بھول گئی لیکن یہ نہیں بھول سکی کہ نبی ﷺ کے پاؤں کے انگوٹھے کے ساتھ والی انگلی دوسری انگلیوں سے لمبی تھی۔ میرے والد نے نبی ﷺ کو بتایا کہ میں زمانہ جاہلیت کے جیش عثران میں شامل تھا نبی ﷺ کو اس لشکر کے متعلق معلوم تھا لہذا اسے پہچان گئے، میرے والد نے بتایا کہ اس جنگ میں طارق بن مرقع نے یہ اعلان کیا تھا کہ کون ہے جو مجھے بدلے کے عوض اپنا نیزہ دے گا ؟ میں نے اس سے پوچھا کہ اس کا بدلہ کیا ہوگا اس نے کہا کہ میں اپنے یہاں پیدا ہونیوالی سب سے پہلی بیٹی کا نکاح اس سے کردوں گا، اس پر میں نے اپنا نیزہ دیدیا۔ اس کے بعد کچھ عرصے تک میں نے اسے چھوڑے رکھا حتی کہ اس کے یہاں ایک بچی پیدا ہوگئی اور وہ بالغ بھی ہوگئی، میں اسے پاس گیا اور اس سے کہا کہ میری بیوی کی رخصتی کی تیاری کرو، تو وہ کہنے لگا کہ واللہ میں اس کی تیاری نہیں کروں گا یہاں تک کہ تم اس کے علاوہ کوئی نیا مہر مقرر کرو اس پر میں نے بھی قسم کھالی کہ میں ایسا نہیں کروں گا نبی ﷺ نے پوچھا کہ اب اس کی کتنی عمر ہے ؟ میں نے عرض کیا کہ اب تو وہ بڑھاپا دیکھ رہی ہے، نبی ﷺ نے فرمایا اسے چھوڑ دو ، تمہارے لئے اس میں کوئی خیر نہیں ہے، اس پر مجھے اپنی قسم ٹوٹنے کا خطرہ ہوا اور میں نے نبی ﷺ کی طرف دیکھا، تو نبی ﷺ نے فرمایا تم گنہگار ہوگے اور نہ تمہارا دوسرا فریق گنہگار ہوگا حضرت میمونہ کہتی ہیں کہ میرے والد نے اسی جگہ پر یہ منت مان لی کہ میں بوانہ کی چوٹی پر پچاس بکریاں ذبح کروں گا، نبی ﷺ نے پوچھا کیا وہاں کوئی بت وغیرہ ہے ؟ انہوں نے عرض کیا نہیں نبی ﷺ نے فرمایا تو پھر تم نے اللہ کے لئے جو منت مانی ہے اسے پورا کرو چناچہ میرے والد نے ان بکریوں کو جمع کیا اور انہیں ذبح کرنا شروع کردیا، اسی دوران ایک بکری بھاگ گئی وہ اس کی تلاش میں دوڑے اور کہنے لگے کہ اے اللہ ! میری منت پوری کردے حتی کہ اسے پکڑ لیا اور ذبح کردیا۔ گزشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔

【2】

حضرت میمونہ بنت کردم کی حدیثیں

حضرت میمونہ بنت کردم سے مروی ہے کہ میں نے نبی ﷺ کی زیارت مکہ مکرمہ میں کی ہے، اس وقت نبی ﷺ اپنی اونٹنی پر سوار تھے اور میں اپنے والد صاحب کے ساتھ ان کے پیچھے سوار تھی۔ حضرت میمونہ کہتی ہیں کہ میرے والد نے اسی جگہ پر یہ منت مان لی کہ میں بوانہ کی چوٹی پر پچاس بکریاں ذبح کروں گا، نبی ﷺ نے پوچھا کیا وہاں کوئی بت وغیرہ ہے ؟ انہوں نے عرض کیا نہیں نبی ﷺ نے فرمایا تو پھر تم نے اللہ کے لئے جو منت مانی ہے اسے پورا کرو۔