1144. حضرت ام حبیبہ بنت حجش کی حدیثیں

【1】

حضرت ام حبیبہ بنت حجش کی حدیثیں

حضرت حبیبہ بنت سہل سے مروی ہے کہ وہ ثابت بن قیس بن شماس کے نکاح میں تھیں، ایک مرتبہ نبی نماز فجر کے لئے نکلے تو منہ اندھیرے گھر کے دروازے پر حبیبہ بنت سہل کو پایا، نبی نے پوچھا کون ہے ؟ انہوں نے عرض کیا میں حبیبہ بنت سہل ہوں، نبی نے پوچھا کیا بات ہے ؟ انہوں نے عرض کیا کہ میں اور ثابت بن قیس (میرا شوہر) ایک ساتھ نہیں رہ سکتے، جب ثابت آئے تو نبی نے ان سے پوچھا کہ یہ حبیبہ بنت سہل آئی ہیں اور کچھ ذکر کر رہی ہیں، حبیبہ نے عرض کیا یا رسول اللہ ! انہوں نے مجھے جو کچھ دیا ہے وہ میرے پاس موجود نہیں ہے، نبی نے ثابت سے فرمایا ان سے وہ چیزیں لے لو، چناچہ ثابت نے وہ چیزیں لے لیں اور حبیبہ اپنے گھر جا کر بیٹھ گئیں۔

【2】

حضرت ام حبیبہ بنت حجش کی حدیثیں

حضرت ام حبیبہ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ وہ نبی کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور دم حیض کے مستقل جاری رہنے کی شکایت کی، نبی نے انہیں ہر نماز کے وقت غسل کرنے کا حکم دیا، چناچہ جب وہ ٹب سے باہر نکلتیں تو پانی پر سرخی غالب آچکی ہوتی تھی، تاہم وہ نماز پڑھ لیتی تھیں، ان سے فرمایا یہ تو رگ کا خون ہے اس لئے یہ دیکھ لیا کرو کہ جب تمہارے ایام حیض کا وقت آجائے تو نماز نہ پڑھا کرو اور جب وہ زمانہ گذر جائے تو اپنے آپ کو پاک سمجھ کر طہارت حاصل کیا کرو اور اگلے ایام تک نماز پڑھتی رہا کرو۔

【3】

حضرت ام حبیبہ بنت حجش کی حدیثیں

حضرت ام حبیبہ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ وہ نبی کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور دم ِ حیض کے مستقل جاری رہنے کی شکایت کی، نبی نے ان سے فرمایا یہ حیض نہیں ہے، یہ تو ایک رگ کا خون ہے اس لئے تم غسل کرلیا کرو، چناچہ وہ ہر نماز کے وقت غسل کرتی تھیں اور جب وہ ٹب سے باہر نکلتیں تو ہم پانی کا رنگ سرخ دیکھتے تھے۔