492. حضرت عمرو بن عاص (رض) کی مرویات

【1】

حضرت عمرو بن عاص (رض) کی مرویات

عمارہ بن خزیمہ (رح) کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ ہم لوگ حج یا عمرہ کے سفر میں حضرت عمرو بن عاص (رض) کے ساتھ تھے، وہ کہنے لگے کہ ایک مرتبہ ہم لوگ اسی جگہ پر نبی ﷺ کے ساتھ تھے، کہ نبی ﷺ نے فرمایا دیکھو ! تمہیں کچھ دکھائی دے رہا ہے ؟ ہم نے عرض کیا کہ چند کوے نظر آ رہے ہیں جن میں ایک سفید کوا بھی ہے جس کی چونچ اور دونوں پاؤں سرخ رنگ کے ہیں، نبی ﷺ نے فرمایا کہ جنت میں صرف وہی عورتیں داخل ہو سکیں گی جو کو وں کی اس جماعت میں اس کوے کی طرح ہوں گی۔

【2】

حضرت عمرو بن عاص (رض) کی مرویات

حضرت عمرو بن عاص (رض) کثرت سے روزے رکھتے تھے اور رات کا کھانا بہت کم کھاتے تھے، البتہ سحری ضرور کھاتے تھے اور فرماتے تھے کہ میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں کے درمیان فرق سحری کھانا ہے۔