594. حضرت بن ضرارخزاعی (رض) کی حدیث

【1】

حضرت بن ضرارخزاعی (رض) کی حدیث

حضرت حارث بن ضرار (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا نبی کریم ﷺ نے مجھے اسلام کی دعوت دی میں اسلام میں داخل ہوگیا اور اس کا اقرار کرلیا، پھر نبی کریم ﷺ نے مجھے زکوٰۃ دینے کی دعوت دی جس کا میں نے اقرار کرلیا اور عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ ! میں اپنی قوم میں واپس جا کر انہیں اسلام قبول کرنے اور زکوٰۃ ادا کرنے کی دعوت دیتا ہوں جو میرے اس دعوت کو قبول کرلے گا میں اس سے زکوٰۃ لے کر جمع کرلوں گا پھر فلاں وقت نبی کریم ﷺ میرے پاس اپنا قاصد بھیج دیں تاکہ میں نے زکوٰۃ کی مد میں جو روپیہ جمع کر رکھا ہو وہ آپ تک پہنچادے۔ جب حضرت حارث (رض) نے اپنی دعوت قبول کرلینے والوں سے زکوٰۃ کا مال جمع کرلیا اور وہ وقت آگیا جس میں نبی کریم ﷺ سے انہوں نے قاصد بھیجنے کی درخواست کی تھی تو قاصد نہ آیاحارث (رض) یہ سمجھے کہ شاید کہ اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے کوئی ناراضگی ہے چناچہ انہوں نے اپنی قوم کے چند سربرآوردہ لوگوں کو اکٹھا کیا اور انہیں بتایا کہ نبی کریم ﷺ نے مجھے ایک وقت متعین کرکے بتایا تھا کہ اس میں وہ اپنا قاصد بھیج دیں گے جو میرے پاس جمع شدہ زکوٰۃ کا مال نبی کریم ﷺ تک پہنچادے گا اور نبی کریم ﷺ سے وعدہ خلافی نہیں ہوسکتی، میرا تو خیال ہے کہ نبی کریم ﷺ کا اپنے قاصد کو روکنا شاید اللہ کی کسی ناراضگی کی وجہ سے ہے لہٰذا تم میرے ساتھ چلو تاکہ ہم نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوں۔ ادھر نبی کریم ﷺ نے ولید بن عقبہ کو بھیجا کہ حارث نے زکوٰۃ کا جو مال جمع کر رکھا ہے وہ لے آئیں جب ولید روانہ ہوئے تو راستے میں ہی انہیں خوف آنے لگا اور وہ کسی انجانے خوف سے ڈر کر واپس آگئے اور نبی کریم ﷺ کے پاس جا کر بہانہ بنادیا یا رسول اللہ ﷺ ! حارث نے مجھے زکوٰۃ دینے سے انکار کردیا اور وہ مجھے قتل کرنے کے درپے ہوگیا تھا۔ نبی کریم ﷺ نے دوبارہ حارث کی طرف سے ایک دستہ روانہ فرمایا ادھرحارث اپنے ساتھیوں کے ساتھ آرہے تھے کہ اس دستے سے آمنا سامنا ہوگیا اور دستے کے لوگ کہنے لگے یہ رہاحارث، جب وہ قریب پہنچے تو حارث نے پوچھا کہ تم لوگ کہاں بھیجے گئے ہو ؟ انہوں نے جواب دیا کہ تمہاری ہی طرف حارث نے پوچھا وہ کیوں ؟ انہوں نے جواب دیا کہ نبی کریم ﷺ نے تمہارے پاس ولید بن عقبہ کو بھیجا تھا ان کا کہنا ہے کہ تم نے انہیں زکوٰۃ دینے سے انکار کردیا اور انہیں قتل کرنا چاہا تھا ؟ حارث نے کہا کہ اس ذات کی قسم جس نے محمد ﷺ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میں نے تو اسے کبھی دیکھا ہی نہیں اور نہ ہی وہ میرے پاس آیا۔ پھر جب حارث (رض) نبی کریم ﷺ کے پاس پہنچے تو نبی کریم ﷺ نے ان سے فرمایا کہ تم نے زکوٰۃ روک لی اور میرے قاصد کو قتل کرنا چاہا ؟ حارث نے جواب دیا اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میں نے تو اسے دیکھا تک نہیں اور نہ ہی وہ میرے پاس آیا اور میں تو آیا ہی اس وجہ سے ہوں کہ میرے پاس قاصد کے پہنچنے میں تاخیر ہوگئی تو مجھے اندیشہ ہوا کہ کہیں اللہ اور اس کی طرف سے ناراضگی نہ ہو اس موقع پر سورت حجرات کی یہ آیات " اے اہل ایمان ! اگر تمہارے پاس کوئی فاسق کوئی خبر لے آئے۔۔۔۔۔۔ ۔۔ اور خوب جاننے والاحکمت والا ہے " نازل ہوئیں۔