690. حضرت انس بن مالک (رض) نام کے ایک اور صحابی کی حدیثیں

【1】

حضرت انس بن مالک (رض) نام کے ایک اور صحابی کی حدیثیں

حضرت انس بن مالک (رض) جو بنی عبداللہ بن کعب میں سے تھے " کہتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کے گھڑ سواروں نے ہم پر شب خون مارا میں نبی کریم ﷺ کو اس کی اطلاع کرنے کے لئے آیا تو نبی کریم ﷺ ناشتہ فرما رہے تھے نبی کریم ﷺ نے فرمایا آؤ اور کھاؤ میں نے عرض کیا کہ میں روزے سے ہوں، نبی کریم ﷺ نے فرمایا بیٹھو میں تمہیں روزے کے متعلق بتاتا ہوں اللہ تعالیٰ نے مسافر سے نصف نماز اور مسافر، حاملہ عورت اور دودھ پلانے والی عورت سے روزہ معاف فرما دیا ہے واللہ نبی کریم ﷺ نے یہ دونوں باتیں یا ان میں سے ایک بات کہی تھی ہائے افسوس ! میں نے نبی کریم ﷺ کا کھانا کیوں نہ کھایا ؟ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔