826. وہ حدیثیں جو حضرت انس بن مالک (رض) نے ان سے نقل کی ہیں۔

【1】

وہ حدیثیں جو حضرت انس بن مالک (رض) نے ان سے نقل کی ہیں۔

حضرت عبادہ (رض) سے بحوالہ ابی بن کعب (رض) مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے مجھے ایک آیت پڑھائی اور دوسرے آدمی کو وہی آیت دوسری طرح پڑھائی، میں نے اس سے پوچھا کہ تمہیں یہ آیت کس نے پڑھائی ہے ؟ اس نے کہ مجھے یہ آیت نبی کریم ﷺ نے پڑھائی ہے میں نے قسم کھا کر کہا کہ مجھے تو نبی کریم ﷺ نے یہ آیت اس طرح پڑھائی ہے اور اس دن اسلام کے حوالے سے جو وسوسے میرے ذہن میں آئے کبھی ایسے وسوسے نہیں آئے میں نے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ کیا آپ نے فلاں آیت مجھے اس اس طرح نہیں پڑھائی ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کیوں نہیں میں نے عرض کیا کہ یہ شخص دعوی کرتا ہے آپ نے اسے یہی آیت دوسری طرح پڑھائی ہے ؟ نبی کریم ﷺ نے میرے سینے پر اپنا ہاتھ مارا جس سے وہ تمام وساوس دور ہوگئے اور اس کے بعد کبھی مجھے ایسے وسوسے نہ آئے پھر نبی کریم ﷺ نے فرمایا میرے پاس جبرائیل (علیہ السلام) اور میکائیل (علیہ السلام) آئے تھے حضرت جبرائیل (علیہ السلام) نے کہا کہ قرآن کریم کو ایک حرف پر پڑھئے حضرت میکائیل (علیہ السلام) نے کہا کہ آپ ان سے اضافے کی درخواست کیجئے حضرت جبرائیل (علیہ السلام) نے کہا کہ اسے دو حرفوں پر پڑھئے حضرت میکائیل (علیہ السلام) نے پھر کہا کہ ان سے اضافے کی درخواست کیجئے یہاں تک کہ سات حروف تک پہنچ گئے اور فرمایا ان میں سے ہر ایک کافی شافی ہے۔ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔

【2】

وہ حدیثیں جو حضرت انس بن مالک (رض) نے ان سے نقل کی ہیں۔

حضرت انس (رض) سے بحوالہ ابی بن کعب (رض) مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جس زمانے میں میں مکہ مکرمہ میں تھا ایک دن میرے گھر کی چھت کھل گئی اور وہاں سے حضرت جبرائیل (علیہ السلام) نیچے اتر کر آئے انہوں نے میرا سینہ چاک کیا اسے آب زمزم سے دھویا پھر ایک طشتری لے کر آئے جو حکمت و ایمان سے لبریز تھی اور اسے میرے سینے میں انڈیل دیا اور پھر اسے سی دیا۔