40. چاشت کی نماز

【1】

چاشت کی نماز

معاذہ (رض) نے حضرت عائشہ (رض) سے پوچھا کیا حضور اقدس ﷺ چاشت کی نماز پڑھتے تھے۔ انہوں نے فرمایا کہ ہاں چار رکعت (کم سے کم) پڑھتے تھے اور اس سے زائد جتنا چاہتے پڑھ لیتے۔

【2】

چاشت کی نماز

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ صلوہ والضحی یعنی چاشت کی چھ رکعات پڑھا کرتے تھے۔

【3】

چاشت کی نماز

عبدالرحمن ایک تابعی کہتے ہیں کہ مجھے حضرت ام ہانی (رض) کے سوا اور کسی نے حضور اکرم ﷺ کی صلوہ الضُحٰی کی خبر نہیں پہنچائی۔ البتہ حضرت ام ہانی (رض) نے یہ فرمایا کہ حضور اقدس ﷺ اس روز جس دن مکہ مکرمہ فتح ہوا تھا ان کے مکان پر تشریف لے گئے اور غسل فرما کر آٹھ رکعات نماز پڑھی، میں نے ان آٹھ رکعات سے زیادہ مختصر حضور اکرم ﷺ کی کبھی کوئی نماز نہیں دیکھی۔ لیکن باوجود مختصر ہونے کے رکوع، سجود پورے پورے فرما رہے تھے۔ یہ نہیں کہ مختصر ہونے کی وجہ سے رکوع اور سجدے ناقص ہوں۔

【4】

چاشت کی نماز

عبداللہ بن شقیق (رض) کہتے ہیں میں نے حضرت عائشہ (رض) سے پوچھا کہ حضور اکرم ﷺ صلوہ الضُحٰی پڑھتے تھے ؟ انہوں نے یہ فرمایا کہ معمولا تو نہیں پڑھتے تھے ہاں سفر سے جب لوٹتے تو ضرور پڑھتے۔

【5】

چاشت کی نماز

ابوسعید خدری (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس صلی اللہ صلوہ الضُحٰی کبھی تو اس قدر اہتمام سے پڑھتے تھے کہ ہم لوگوں کا یہ خیال ہوتا تھا کہ اب کبھی نہیں چھوڑیں گے اور حضور اکرم ﷺ کبھی (فرض ہونے کے خوف سے یا کسی اور مصلحت سے) ایسا ترک فرماتے تھے کہ ہم یہ سمجھتے تھے کہ بالکل چھوڑ دی اب کبھی نہیں پڑھیں گے۔

【6】

چاشت کی نماز

ابوایوب انصاری (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ ہمیشہ زوال کے وقت چار رکعت پڑھتے تھے میں نے عرض کیا کہ آپ ان چار رکعتوں کا بڑا اہتمام فرماتے ہیں۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ آسمان کے دروازے زوال کے وقت سے ظہر کی نماز تک کھلے رہتے ہیں میرا دل چاہتا ہے کہ میرا کوئی کار خیر اس وقت آسمان پر پہنچ جائے میں نے عرض کیا کہ ان کی ہر رکعت میں قرأت کی جائے۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں قرأت کی جائے میں نے عرض کیا کہ ان میں دو رکعت پر سلام پھیرا جائے۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ نہیں چاروں رکعات ایک ہی سلام سے ہونی چاہیں۔

【7】

چاشت کی نماز

عبداللہ بن سائب (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ زوال کے بعد ظہر سے قبل چار رکعت پڑھتے تھے اور یہ فرمایا کرتے تھے کہ اس وقت میں آسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں میرا دل چاہتا ہے کہ میرا کوئی عمل صالح اس وقت بارگاہ عالی تک پہنچے۔

【8】

چاشت کی نماز

حضرت علی (رض) ظہر سے قبل چار رکعت پڑھتے تھے اور یہ فرمایا کرتے تھے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ بھی ان چار رکعت کو پڑھتے تھے اور ان میں طویل قرأت پڑھتے تھے۔